پی ٹی آئی کی جلسے کی کال، فیض آباد مکمل سیل، گاڑیوں کی قطاریں، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے فیض آباد کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا۔

اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا، جس کے باعث راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس کے علاوہ روات ٹی چوک کے مقام پر اسلام آباد اور راولپنڈی کا داخلی راستہ کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے۔