کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے بارشوں کی پیش گوئی 5 روزتک بڑھادی، 27 سے 31 اگست تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جبکہ چند ایک مقامات پرشدید موسلا دھاربارشوں کا امکان ہے۔
نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے، سمندر میں طغیانی کے پیش نظرماہی گیروں کو مقررہ دورانیے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
محکمہ موسمیات نے 25 اگست سے سندھ میں داخل ہونے والے مون سون سسٹم کے حوالے سے باقاعدہ الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق طاقتور ہوا کا کم دباؤ اس وقت وسطی بھارت پرموجود ہے جو آئندہ دنوں میں مغرب کی جانب حرکت کرتا ہوا 25 اگست کی شام و 26 اگست کی صبح تک مشرقی سندھ میں داخل ہوگا۔
سسٹم کے زیراثرکراچی ڈویژن میں 27 سے 31 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک، تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 25 اگست سے 30 اگست کے دوران بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈالہیار، مٹیاری، عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ 26 اگست سے 30 اگست کے درمیان گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیرآباد میں موسلا دھار اور شدید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھاربارشوں کے سبب کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوسکتا ہے، پیش گوئی کی مدت کے دوران سمندرمیں طغیانی کا خطرہ ہے، ماہی گیرمقررہ مدت کے احتیاطی تدابیراختیارکریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کوشہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوامیں نمی کاتناسب 67 فیصد ریکارڈ ہوا، دیہی سندھ کے اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت ٹنڈو جام میں 39.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔