برازیل، جنگلات میں لگی آگ سے 30 شہروں کو خطرہ، الرٹ جاری

برازیل کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے پھیلاؤ سے قریبی 30 شہروں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ساؤ پالو کی ریاستی حکومت نے جنگلکی آگ سے نمٹنے کے لیے ایک بحرانی کابینہ تشکیل دی ہے جس نے برازیل کے 30 شہروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

آتشزدگی کے شعلوں سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک درجن شاہراہوں پر دھوئیں کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے جبکہ دارالحکومت ساؤ پاؤلو سرمئی دھند میں ڈوبا ہوا ہے۔

بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور کم نمی کی وجہ سے ریاست میں آگ مزید پھیل رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز اروپس شہر کے ایک صنعتی پلانٹ میں آگ بجھانے کے دوران دو ملازمین ہلاک ہو گئے تھے۔

ریاستی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ ہوا کے جھونکے سے تیزی سے پھیل سکتی ہے، جس سے قدرتی نباتات کا بڑا حصہ تباہ ہو سکتا ہے۔

گورنر ٹارسیو ڈی فریٹس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت 30 شہروں کو آگ لگنے کے پیش نظر ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ہم صورتحال پر قابو پانے اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔