سمندری طوفان ’اسنیٰ‘کا خطرہ،ماہی گیری پر پابندی عائد

سمندری طوفان کا خدشہ،کمشنر کراچی نے ماہی گیری پر پابندی لگادی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ اپنے اسٹاف کی حاضری یقینی بنائے۔

سمندری طوفان ’اسنیٰ‘تیزی سے کراچی کی طرف بڑھنے لگا ۔کمشنر کراچی نے  ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر پابندی لگادی ۔کمشنر کراچی نے حکم دیا ہے کہ آج سے 31 اگست تک ماہی گیر کھلے سمندر میں شکار سے گریز کریں۔

کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی لگادی ، نوٹیفکیشن جاری ۔وزیراعلیٰ سندھ نےمحکمہ موسمیات پی ڈی ایم اے کی سائیکلون الرٹ پر ہدایت جاری کردی ہیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پیشگوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں ،انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو مزید متحرک رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔
 
 وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری تیاری مکمل ہونی چاہئے،صوبے کی تمام ہسپتالوں کو اپنے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ اپنے اسٹاف کی حاضری یقینی بنائے،سمندر کی صورتحال غیرمعمولی ہونے کے باعث ماہی گیروں کیلئے محکمہ فشریز ہدایات جاری کی جائیں، دریا، نہروں اور دیگر پانی کی گزرگاہوں کے بندوں کی نگرانی کرتے رہیں۔