سندھ کی ساحلی پٹی پر سمندری طوفان: کراچی میں آج تمام اسکولز بند رکھنے کا اعلان

سندھ کی ساحلی پٹی پر سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر کراچی میں آج تمام نجی اور سرکاری اسکولز بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایڈوائزری پر کیا گیا۔

حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، جام شورو، ٹنڈومحمدخان میں بھی نجی اور سرکاری اسکولز بند رہیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے پیش نظر کراچی ڈویژن میں آج تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے، شہری شدید بارشوں کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔