ملک میں مون سون بارشیں 2 تا 5 ستمبر تک جاری رہیں گی، این ڈی ایم اے ایڈوائزری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کردی۔ جس کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 2 تا 5 ستمبر جاری رہے گا، نشیبی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔

نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 2 تا 5 ستمبر 2024 کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ سسٹم کے تحت، شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔ پوٹھوہار سمیت لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔

خیبرپختونخوا، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن، پشاور میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقوں بشمول قلات ڈویژن، کوئٹہ، پشین اور کیرتھر اور کوہ سلیمان میں بھی ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام موسم کی اپ ڈیٹس اور الرٹس سے باخبر رہیں۔ خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی پیشگی اقدامات یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔