مکہ کے اطراف مصنوعی بارش کے حیرت انگیز نتائج

سعودی حکومت کی طرف سے مکہ مکرمہ میں کلاؤڈ سیڈنگ (مصنوعی بارش) کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور مطلوب نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ اب مکہ مکرمہ میں توقع کے مطابق بارشیں ہو رہی ہیں۔

دبئی سے شائع ہونے والے اخبار گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کامیاب تجربے کی روشنی میں مزید تجربے کیے جائیں گے۔

سعودی عرب میں شدید گرمی پڑتی ہے۔ حج کے موقع پر شدید گرمی سے لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حبس کے باعث ہزاروں افراد کی حالت بگڑ جاتی ہے۔ رواں سال بھی سیکڑوں عازمینِ حج جاں بحق ہوئے۔

سعودی عرب کے طول و عرض میں ہیٹ ویوز عام ہیں۔ اب حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ کی تکنیک کی مدد سے بارش کی راہ ہموار کی جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف ملے۔

گلف نیوز کے مطابق حوصلہ افزا نتائج نے سعودی حکومت کو مزید تجربات کی راہ سُجھائی ہے۔ مکہ مکرمہ اور اُس کے نواحی علاقوں میں بارشوں کا اوسط بہتر ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹا ہے۔ اب موسمِ گرما کے دوران بارش کا اوسط بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔