2023 کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 930 افراد جاں بحق ہوئے، وزارت داخلہ

  اسلام آباد: ملک بھر میں جنوری سے دسمبر 2023 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 930 افراد جاں بحق ہوئے۔ 

وزارت داخلہ نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں جن کے مطابق ملک بھر میں 2023 کے دوران  دہشت گردی کے واقعات میں  930 افراد جاں بحق اور 1992 سویلین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کے جمع کرائے گئے اعدادوشمار کے مطابق  خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس دہشت گردی کے 558 واقعات میں 580 افراد شہید اور 1447 زخمی ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 402 اہلکار شہید اور 1054 زخمی  ہوئے جبکہ گزشتہ برس 178 شہری شہید اور 393 زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں 2023 کے دوران دہشت گردی کے 626 واقعات میں 315 افراد شہید اور 477 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 148 اہلکار شہید اور 198 زخمی ہوئے جبکہ 167 شہری شہید اور 279 زخمی ہوئے۔

اسی طرح سندھ  میں  گزشتہ برس دہشت گردی کے 19 واقعات میں 14 افراد شہید اور 31 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے8 اہلکار شہید اور 26 زخمی ہوئے جبکہ ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق پنجاب میں 2023 کے دوران دہشت گردی کے اٹھ واقعات میں 12 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 11 اہلکار شہید اور نو زخمی ہوئے جبکہ اس مدت کے دوران ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق 2023 کے دوران اسلام آباد میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا جبکہ گلگت بلتستان میں گزشتہ برس دہشت گردی کے تین واقعات میں 9 افراد شہید اور 26 زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔