انگلش چینل میں کشتی الٹنے سے 12 افراد ہلاک

انگلش چینل میں کشتی الٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلش چینل میں ایک کشتی کو حادثہ پیش آیا جس میں درجنوں افراد ڈوب گئے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ ایک کشتی میں کافی تعداد میں لوگ سوار تھے جو انگلش چینل کو پار کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران کشتی الٹ گئی۔

انتظامیہ کے مطابق کشتی الٹنے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ حرکت میں آئی اور 65 کے قریب افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا جب کہ 12 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انتظامیہ کہنا ہےکہ ریسکیو کیے جانے والوں میں 12 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں 2 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

انتظامیہ نے اس حادثے کو رواں سال کا خوفناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشتی کا نچلا حصہ کھلنے کی وجہ سے اسے حادثہ پیش آیا جبکہ کشتی میں سوار کسی بھی شخص کے پاس لائف جیکٹ بھی موجود نہیں تھی۔