امریکا میں مسافر طیارہ ہائی وی پر گرکر تباہ؛ 3 گاڑیاں تباہ

ایک المناک واقعہ میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ ہائی وے پر دوڑتی گاڑیوں پر گر کر تباہ ہوگیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، جڑواں انجن والا یہ چھوٹا طیارہ وکٹوریہ ریجنل ایئرپورٹ سے صبح تقریباً 10 بجے پرواز کر کے پانچ گھنٹے تک فضاء میں رہا۔ تاہم، پھر اس نے ہائی وے پر ہنگامی طور پر اُترنے کی کوشش کی۔

یہ کوشش ناکام رہی اور طیارہ تین گاڑیوں پر گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ طیارے کا ملبہ سڑک پر پھیل گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

امدادی کارروائیوں کے دوران، چار افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے تین افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے، تاہم ایک زخمی کی حالت نازک ہے، جسے پائلٹ سمجھا جا رہا ہے اور اسے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اس حادثے میں طیارے میں صرف پائلٹ موجود تھا، جبکہ ہائی وے پر زخمی ہونے والے دیگر افراد گاڑیوں میں سوار تھے۔

فی الحال، حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے، اور وکٹوریہ پولیس ڈیپارٹمنٹ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اس واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔