اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی آج جلسہ کرے گی ، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا، ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی۔
جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔
اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیےگئے جبکہ مری روڈکو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔
دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔ادھر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے باڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت جلسے سے پہلے این او سی منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی، ہمیں خدشہ ہے کہ انتظامیہ جلسے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی مگر این او سی منسوخ ہوا بھی تو جلسہ ہوگا