علی امین نے جو کہا سب ٹھیک ہے، ہم نے تقریر پرکوئی معافی نہیں مانگی: بیرسٹرگوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ  ہم نے علی امین گنڈا پور کی تقریر پر کوئی معافی نہیں مانگی، انہوں نے جو کچھ کہا سب ٹھیک ہے۔

رہائی کے بعد  میڈیا سےگفتگو  میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ صحافیوں سے متعلق علی امین کی گفتگو  سےکسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس پر معذرت کی گئی۔

 بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ کس ملک میں جلسہ 7 کے بجائے 8 بجے ختم کرنے پرکیس بنائے جاتے ہیں، عوام امید رکھتے ہیں کہ عدلیہ اپنا کردار  ادا کرےگی،  پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے جسمانی ریمانڈ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے متعلق کوئی قانون سازی ہوتی ہے تو اس کی مذمت اور مخالفت کریں گے، کسی بھی صورت میں کسی بھی جج کی ایکسٹینشن عدلیہ کی آزادی پر قدغن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسپیس نہ دینے کی وجہ سے غیرسیاسی قوتیں زور پکڑیں گی، حکومت نے خودکو این آر او دیا ہے، پی ٹی آئی اقتدار  میں آئےگی تو ہم این آر او کےقانون کو ریورس کریں گے۔

 بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ  ہماراجلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا، جلسوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے، ارکان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ پارلیمان پر حملہ ہے، پارلیمان کے اندر سےکوئی گرفتاری نہیں ہوسکتی ، یہ پارلیمان پر حملہ تھا، اسپیکر کے لیے لازم ہےکہ اس پر کارروائی کریں۔