محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کردی گئی۔ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ شام /رات کے اوقات میں بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، نورپور تھل، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اورگجرات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، مردان اورصوابی میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران شام یا رات کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جز وی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، سبی، ہرنائی، زیارت، کوہلو، بارکھان، لورالائی، شیرانی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ،خضدار، قلات، نصیر آباد، آواران اور لسبیلہ اور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت 33، قلات میں 30، ژوب میں26، زیارت میں 24، نوکنڈی میں 35، تربت میں 45، سبی میں 43، گوادرمیں 37 اور جیونی میں 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا۔
سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، جیکب آباد، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ادھر کراچی کے اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔