خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی سے پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے پی کے مطابق صافی کی 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کو صرف 2 بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کو آرڈینیٹر کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر تمام اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے 18 ہزار سے زائد والدین نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے سے انکارکر دیا۔
دستاویز کے مطابق انسداد پولیو مہم میں مجموعی طور پر 56 لاکھ 86 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔