سیڑھیاں چڑھنے کے حیران کن فوائد

اگر آپ فٹ رہنا چاہتے ہیں تو سڑھیاں چڑھنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں کیونکہ یہ عادت آپ کو متعدد بیماریوں سے بچا سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ جو شخص روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتا ہے وہ دل کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

اسی طرح 15 منٹ تک روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے ناصرف آپ جسمانی وزن کم کر سکتے ہیں بلکہ پیٹ کی چربی گھٹانے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔

وزن میں کمی

چہل قدمی کے مقابلے میں سیڑھیاں چڑھنے سے زیادہ تیزی سے کیلوریز کو جلایا جاسکتا ہے جس سے جسم کی چربی تیزی سے گھلتی ہے۔

اسی حوالے سے امریکن کونسل آن ایکسرسائز کی جانب سے بتایا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے سے ہر ایک منٹ میں 8 سے 10 کیلوریز کو جلایا جاسکتا ہے۔

ذیابیطس سے بچنا ممکن

ایک تحقیق سے پتا چلا کہ روزانہ 10 منٹ سیڑھیاں چڑھنے سے جسم میں انسولین کی حساسیت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور جو لوگ روزانہ سیڑھیاں چڑھتے ہیں ان میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

دل کی صحت

سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے، ای سی ایس پریوینٹیو کارڈیالوجی 2024 کی جانب سے بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کے عادی ہوتے ہیں ان میں دیگر کے مقابلے میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 39 فیصد کم ہو جاتا ہے۔

دماغ کی صحت

سیڑھیاں چڑھنے سے ہمارے دماغ سے ہیپی ہارمونز کا اخراج ہوتا ہے جس سے ذہنی دباؤ اور اضطراب جیسے مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ہڈیوں کی صحت

سیڑھیاں چڑھنے کی عادت ہڈیوں کی کثافت اور لچک کو برقرار رکھتی ہے، ہڈیوں کے مسائل آسٹیوپوروسس اور اوسٹیو ارتھرائٹس کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔