امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو فوج اور عدلیہ کو اپنی آئینی حدود میں رہنا ہوگا۔
ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا یہ نااہل لوگ ترمیم کرکے عدلیہ بھی اپنی بنانا چاہتے ہیں، آئین میں ترمیم چاہتے ہیں لیکن پارلیمنٹ سے بل کو چھپائے رکھا، ہم مولانا (فضل الرحمان) سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پوری ترمیم کو مسترد کر دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان پر جعلی فارم 47 کی پیداوار نااہل حکومت مسلط کر دی گئی ہے جو جمہوریت کی توہین اور عوام کی رائے کا بٹوارہ ہے، فارم 45 کی بنیاد پر حکومت بننی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جاتا ہے، پاکستان مزید کسی کھلواڑ کا متحمل نہیں ہو سکتا، اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو فوج اور عدلیہ کو اپنی آئینی حدود میں رہنا ہوگا۔