ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان کے خلاف اسرائیل کی تازہ ترین فوجی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ لبنان کے خلاف جارحیت کا یہ عمل اقوام متحدہ کے چارٹراوربین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیلی عمل خطرناک ہے،جس نے پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور امن و سلامتی کے ساتھ رہنے کے حق کے لیے کھڑا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی، جارحیت اور نسل کشی کی کارروائیوں کا محاسبہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔