راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں ایک سال قید کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے اڈیالہ جیل میں 365 دنوں میں 180 سے زائد جیل ٹرائل سماعتیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور وکلا سے 100 سے زائد ملاقاتیں کیں۔
عمران خان نے 365 دنوں میں ایک ہزار گھنٹے سماعتوں کے دوران عدالت میں گزارے۔ اسی طرح ایک سال میں 90 دن قید تنہائی میں گزارے جب کہ بانی پی ٹی آئی ان 365 دنوں میں کبھی بیمار نہیں ہوئے۔
بانی چیئرمین تحریک انصاف نے 365 دنوں میں صرف دانت میں درد کی شکایت کی۔ اسی دورانیے میں انہوں نے 180 سے زائد مرتبہ میڈیا سے گفتگو کی جب کہ ایک سال کے دوران عمران خان کو 3 مرتبہ ای کورٹس میں پیش کیا گی۔
جیل ذرائع کے مطابق 365 دنوں میں بانی پی ٹی آئی کو 3 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں۔ 365 دنوں میں بانی پی ٹی آئی ایک مرتبہ بھی بشریٰ بی بی سے تنہائی میں ملاقات نہیں کرسکے۔