پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے اور امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کیلیے پولیس نے اسلام آباد کو 9 جبکہ راولپنڈی کو 25 مقامات سے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے فتح جنگ ٹول پلازہ، کچہ سٹاپ، گلزار قائد، شمس آباد، فیض آباد، ائی جے پی روڈ، ڈبل روڈ، کٹاریاں پل، پنڈورا چونگی، کھنہ پل سمیت دیگر مقامات کو سیل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو ٹی چوک، کورال، کھنہ، فیض آباد، آئی جے پی جنکشن، 26 نمبر، گولڑہ موڑ، بی 17، مارگلہ کٹ جی ٹی روڈ سے مکمل سیل کیا جائے گا۔ جبکہ تمام راستوں کو تین ٹیئرز میں کنٹینرز، ڈمپرز، لوڈڈ ٹرک اور خار دار تاروں کی مدد سے بند کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں 4000 سے زائد افسران اور اہلکار اینٹی رائٹ سامان کے ساتھ فرائض سر انجام دیں گے جبکہ 31 مختلف مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی، ہر ناکے پر ایک ڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز نفری کے ہمراہ مامور ہوں گے۔
پنجاب پولیس کی معاونت کیلئے ایلیٹ فورس اور پیٹرولنگ یونٹ کو ایمٹی رائٹ سامان مہیا کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس کی نفری لاء اینڈ آرڈر سمیت پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے کارکنان کو گرفتار کرے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی اور ایس ڈی پی اوز سمیت اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت چار لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہے، پولیس افسران کی ہدایت ہے کہ امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والے افراد سے کوئی رعایت نہ برتی جائے اور انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔