’حکومت اپنا قبلہ ٹھیک کرے‘ایم کیو رہنما نے ن لیگ کوخبردار کردیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے ن لیگ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنا قبلہ ٹھیک کرے، تھوڑے کہے کو زیادہ سمجھا جائے، اس سے زیادہ کہنا نہیں چاہتے۔

ہاکس بے پر شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ  کہتی ہے کہ کوٹا سسٹم پر ایم کیو ایم،  پیپلز پارٹی سے بات کرے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لیکن وہ ن لیگ سے کہتے ہیں، ایم کیوایم، پیپلز پارٹی سے کیوں بات کرے؟ ایم کیو ایم کا معاہدہ ن لیگ سے ہے پیپلز پارٹی سے نہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر کوٹا سسٹم میں مزید 20 سال کی توسیع کی تو وہ اپنی اسمبلی رکنیت پر لعنت بھیجتے ہیں۔

ہاکس بے پر ایم کیو ایم شجرکاری مہم کی تقریب میں فاروق ستار، نسرین جلیل اور دیگر رہنماؤں بھی شریک تھے۔