اعظم سواتی کی چودھری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت

پی ٹی آئی کے سینئیر رہنما اعظم سواتی نے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دیدی ۔

 اعظم سواتی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے معلوم ہوا ہے کہ چودھری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، میں ملک کی ترقی اور قانون کی حکمرانی کیلئے انہیں پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتا ہوں، وہ ایک بااصول انسان ہیں‘‘۔

اعظم سواتی نے کہا کہ میں مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مشاہد حسین سید کو بھی پی ٹی آئی میں آنے کی دعوت دیتا ہوں،انہوں نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان کو عقیدت کا سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قانونی کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے اتنا بڑا قدم اٹھایا ہے۔اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ میں وکلا کو شاباش دیتا ہوں جو آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے کردار ادا کررہے ہیں۔