وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان میں عدم استحکام پیداکرنے کی کڑی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان اکٹھے ہورہے ہیں، ملک کو یرغمال بننے نہیں دیں گے۔
وزیر دفاع نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی سازشوں کے مہرے ہیں،اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، کسی کی میراث نہیں، بانی پی ٹی آئی اقتدار سے محروم ہوئے تو 9 مئی برپا کردیا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایس سی او اجلاس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس خوش اسلوبی سے آگے چلے گا، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا، سازشی ذہنیت والوں کو گھربیٹھنا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں سربراہان مملکت آئیں گے، ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم نے دورہ کیا اور استقبال کے انتظامات دیکھے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت 12 ملکوں کے سربراہان آرہے ہیں، پاکستان کی عزت و تکریم میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہوگا، ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔