وسطی بحیرہ عرب کے اوپر ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرگیا جو اتوار کو ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے وسطی بحیرہ عرب کے اوپرہوا کے حوالے سے دوسرا الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق ہوا کا کم دباؤ گزشتہ روز کے مقابلے میں مزید شدت اختیار کرگیا، کراچی سے فاصلہ 100 کلومیٹرکم ہوکر 900 کلومیٹر رہ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سازگارماحولیاتی حالات کے سبب امکان ہے کہ یہ سمندری سرگرمی آج ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے، سسٹم ابتدائی طورپرمغرب، شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بننے کی صورت میں اسے قطر کی جانب سے تجویزکردہ دانا نام دیا جائےگا، دانا کا مطلب عربی زبان میں قیمتی اورخوبصورت موتی کے ہیں، یہ نام بنیادی طور پر عرب ریاستوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل بھی خلیج بنگال اوربحیرہ عرب میں بننے والے طوفانوں کے نام ان کے غیض وغضب کے برعکس عام زندگی میں انسانوں، پھولوں اورچرند پرند سے منسوب ناموں مثلا ہدہد، کترینہ، نرگس، گلاب، اسنیٰ، نیلوفر، رباب وغیرہ پر رکھے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کےغیرمعمولی سمندری سرگرمی کے عام زندگی میں رکھے جانے والے ناموں کے درپردہ یہ سوچ ہے کہ ایک تویہ نام ذہن نشین رہیں، دوسری وجہ یہ ہے کہ اس سے لوگوں میں کوئی خوف پیدا نہ ہو۔