وسطی بحیرہ عرب کے اوپر موجود ہوا کے کم دباؤ کا فاصلہ شدت کے بعد کراچی سے مزید بڑھ گیا،اگلے مرحلے میں ڈپریشن کی شکل اختیار کرسکتا ہے، سسٹم کی وجہ سے کسی پاکستانی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے، شہر میں گرمی کی لہرمزید 3 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکے اعلامیے/ الرٹ کے مطابق مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ مغرب، جنوب مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے، ہوا کے کم دباؤ کا فاصلہ کراچی سے دوبارہ 100 کلومیٹر بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ ابتدا میں کراچی سے فاصلہ ایک ہزار کلومیٹر کے بعد 900 کلومیٹر جبکہ اب دوبارہ ہوا کا کم دباؤ ایک ہزار کلومیٹر کی دوری پررہ گیا، کم دباؤ اگلے مرحلے میں ڈپریشن کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال پاکستان کا کسی بھی ساحلی علاقے کا اس موسمی نظام سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے، سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے، کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم وخشک رہنے کا امکان ہے۔
ہوائیں زیادہ تر شمال اور شمال مشرق کی جانب سے چلنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 تا 38 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
کل دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر،عمرکوٹ، بدین، سجاول میں چند مقامات پر وقفے وقفے سے آندھی،گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، باقی ماندہ صوبے میں موسم گرم و خشک رہنے کی توقع ہے۔