آئینی ترامیم، تحریک انصاف عملاً الگ، مسودہ پیش کیا اور نہ ہی تجویز دی

آئینی ترامیم کے معاملے سے تحریک انصاف عملا الگ ہو گئی، مسودہ پیش کیا اور نہ ہی کوئی تجویز دی ہے، 15 اکتوبر کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا ، اجلاس میں ہنگامہ کرنے یا نہ کرنے کے سوال پر PTIمیں اختلافات شدید ہوگئے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک کے نمائندے اپنے سیاسی مقصد کے لئے ھنگامہ کرنے کی غرض سے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوتے ہیں عمران سے ملاقات نہیں کرائی جائیگی، احتجاج اور ہنگامے کو سختی سے کچل دیا جائیگا، بلاول اور پی پی ارکان کیلئے 17اکتوبر ڈی ڈے ، انہیں 18اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی کیلئے کراچی جانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی اصلاحات کے لئے آئینی ترامیم سے تحریک انصاف عملی طور پر الگ ہوگئی ہے وہ ان ترامیم کو ناقابل عمل بنانے کے لئے فی الوقت اعلی عدلیہ پر انحصار کررہی ہے تاہم اس کی تمام تر کوششوں کا محور قومی اسمبلی اور سینیٹ کے وہ ارکان ہیں جنہیں وہ اپنی صف میں شمار کرتی ہے لیکن وہ آنکھیں بند کرکے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے لئے آمادہ نہیں اور امکان موجود ہے کہ وہ آئینی ترامیم کی حمایت میں ووٹ دینگے اپنے اس اقدام کے لئے وہ نتائج کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار ہیں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے عہدیدار پارلیمانی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اب احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے لئے شریک ہورہے ہیں وہ آئینی ترامیم پر بحث و تمحیص میں حصہ لینے کی بجائے دیگر معاملات پر شور مچانے کے لئے اس میں شریک ہورہے ہیں۔

تحریک انصاف کے نمائندے آئندہ تین دنوں میں ملک میں ہنگامہ آرائی اور فساد پیدا کرنے کی غرض سے ’’احتجاج‘‘ کی راہ لے رہے ہیں جس کے لئے اس سے ملک کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں حکمر ان مسلم لیگ نون سے لیکر حزب اختلاف کی سب سے جاندار آواز مولانا فضل الرحمن تک سب نے تحریک انصاف کو ہنگامہ آرائی سے باز رہنے کا مشورہ دیدیا ہے، خود تحریک انصاف کے اندر بھی ہنگامہ آرائی کرنے اور ناں کرنے کے سوال پر شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں حکومت نے پیش آمدہ دنوںمیں کسی بھی قیدی کی ملاقات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے وہ سختی سے اپنے اس فیصلے پر کاربند ہے کہ عمران خان کی ضابطے سے ہٹ کر کوئی ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔ ملاقات آئندہ پیر (21؍اکتوبر) سے پہلے ممکن نہیں ہوگی۔ اس سوال پر اگر تحریک انصاف نے احتجاج کیا تو اسے پوری قوت سےکچل دیا جائے گا۔