مولانا فضل الرحمٰن کی پی ٹی آئی سے ایس سی او اجلاس تک احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس تک احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کر دی۔

ٹنڈو الہٰ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پہلے بھی مظاہرے کے نتاِئج اچھے نہیں آئے تھے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جو مسودہ حکومت کی طرف سے لایا گیا تھا ہم نے مسترد کر دیا تھا، اس مسودے سے عدلیہ کمزور ہو اور جاتی انسانی حقوق تباہ ہو جاتے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اس لیے نہیں کہ عوام کے مفاد کے خلاف قانون پاس کریں، جو چیزیں ہم نے مسترد کی ہیں، وہ واپس ہو چکی ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسودے پر کافی ہم آہنگی ہو چکی ہے، بلاول بھٹو زرداری، نواز شریف اور پی ٹی آئی کی قیادت سے ملاقات کروں گا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں بھی ہمیں 9 مہینے لگ گئے تھے، آج کیا مسئلہ ہے جو ہم پر جلدی مسلط کی گئی، اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔