خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آئینی کمیٹی میں موجود لوگ بے بس ہیں، بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، ہم نے بار بار ان سے ان کا مجوزہ ڈرافٹ مانگا لیکن انہوں نے ابھی تک ترامیم نہیں دیں۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا مسودہ دو دن تک مکمل ہو جائے گا، پی ٹی آئی کے آئینی کمیٹی میں موجود لوگ بے بس ہیں، ہم نے بار بار ان سے ان کا مجوزہ ڈرافٹ مانگا لیکن انہوں نے ابھی تک ترامیم نہیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ارکان پارلیمںٹ کے اغوا بارے آگاہ کیا ہے، اسپیکر کے سامنے معاملہ رکھا ہے، وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے طلبا کے احتجاج میں پی ٹی آئی کا ہاتھ ہے۔
واضح رہے کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی، اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مخلف نکات پر زبانی تجاویز بھی دیں جس کے بعد کمیٹی نے 6 جماعتوں کے مجوزہ ڈرافٹ کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکمران اتحاد کی مولانا فضل الرحمان سے مشاورت مکمل ہوگئی ہے جس پر وہ تحریک انصاف سے مشاورت کے بعد جمعے کو کمیٹی اجلاس میں آگاہ کریں گے۔