چیف جسٹس قاضی فائز کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس، متعدد ججز کی عدم شرکت

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا عدالت عظمیٰ کے اعلیٰ ترین جج کی حیثیت سے آج آخری دن ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ ریفرنس کا آغاز ہو گیا۔

فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کمرہ عدالت نمبر ایک میں ساڑھے 10 بجے شروع ہوا جس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت 16 ججز شریک ہیں، فل کورٹ ریفرنس میں 2 ایڈہاک اور 2 شرعی عدالت کے ججز بھی شریک ہیں۔

سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ رخصت پر ہونے کی وجہ سے فل کورٹ ریفرنس میں شریک نہیں ہیں، ان کے علاوہ جسٹس ملک شہزاد، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس عائشہ ملک بھی ریفرنس میں شریک نہیں ہیں۔

فل کورٹ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے وکلا، عدالتی عملہ اور صحافی بھی موجود ہے جہاں ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی خطاب کریں گے۔

فل کورٹ ریفرنس سے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ ساتھ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور صدر سپریم کورٹ بار بھی خطاب کریں گے۔