پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن، عوامی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون کی وجہ سے پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ مستقبل میں سرمایہ کاری کے موضوع سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، محمد بن سلمان کا وژن قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام آیا اور اب ہم ترقی و استحکام کی طرف گامزن ہیں، ہم ملکر ہی مشترکہ مستقبل اور ترقی کی منازل حاصل کرسکتے ہیں، حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خوشحالی ہے.

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اُن کی ترقی کے لیے پاکستان نے خصوصی منصوبے شروع کیے ہیں، سرمایہ کاری مشترکہ مستقبل کیلیے ضروری ہے، علم پر مبنی معیشت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے انقلاب برپا کردیا ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی اور اے آئی کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، سعودی عرب اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ تعلیمی اصلاحات کے ساتھ پاکستان ہنر مند افراد کی تیاری پر بھی کام کررہا ہے۔