علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں، اڈیالہ جیل حکام

جیل حکام کی یقین دہانی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے  جسٹس ارباب طاہر کے روبرو ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل پیش ہوئے اور بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں۔ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی لگائی تھی جو اب اٹھا لی گئی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ایسا ہی ہے تو پھر دیکھ لیں آئندہ اس نوعیت کی کوئی درخواست یہاں نہیں آنی چاہئے۔ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے کوآرڈینیٹرز مقرر کررکھے ہیں جو ملاقاتوں کا طے کرتے ہیں۔ ان کی طرف سے فہرست آنے پر ملاقاتیں کرائی جاتی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کوآرڈینیٹر تو انتظار پنجوتھا تھے جو اغواء ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ نے بتایا کہ ان کے علاوہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بھی کوآرڈینیٹر ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کے بیان پر علی امین گنڈاپور کی درخواست نمٹا دی۔