وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم محمد ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچے، شہبازشریف نےغذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ولیج کا افتتاح کیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ببر گاؤں میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر شدہ گھروں کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کیے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 62 گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی، 110 کنال اراضی پر یہ ماڈل ویلج بنایا گیا ہے، صاف پانی اور سولر سے آراستہ ایک سٹور، ایک کچن، 2 باتھ روم اور 2 کمروں پر مشتمل خوبصورت گھر بنائے گئے۔
گلگت بلتستان دورے کے دوران وزیراعظم کو تعمیر شدہ گھروں میں سہولیات کی فراہمی پر بریفنگ بھی دی گئی۔
دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر طویل گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے، گلگت سے گاگوچ، گاگوچ سے تندئی اور تندئی سے شندور تک روڈ شامل ہے، منصوبے پر تعمیراتی کام نومبر 2025 تک مکمل ہوجائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ویلج کی تھرڈ پارٹی توثیق کے بغیر ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کا خطاب
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2022 میں یہاں آیا تو ہر طرف تباہی کا منظر تھا، موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پورا گاؤں متاثر ہوا تھا، وہ دن تاریخ کا افسوسناک دن تھا، سب غمگین تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج نئی بستی کی تعمیر سے یہاں پر خوشی کا سماں ہے، متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کرکے بے حد خوشی ہوئی، معیاری گھروں کی تعمیر لائق تحسین ہے، ماڈل ویلیج میں اسکول اور ڈسپنسری کی تعمیر فی الفورشروع کی جائے، ڈسپنسری میں جدید سہولیات ہنگامی بنیادوں فراہم کی جائیں۔