پنجاب میں اسموگ کی شدت مزید بڑھ گئی، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے، صبح سویرے ائیرکوالٹی انڈیکس 717 تک پہنچ گیا جبکہ آلودہ ترین شہروں میں ملتان کا دوسرا اور پشاور کا تیسرا نمبر ہے۔
شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، موٹروے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سےعبدالحکیم تک دھند کے باعث بند ہے، اس کے علاوہ موٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے سکھر تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہے جبکہ ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہے۔
پولیس کے مطابق اسموگ ایس اوپیز پر عمل کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں مختلف اضلاع میں 86 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ عارف والا میں اینٹوں کے 15 بھٹے مسمار کر دیے گئے۔
محکمہ ماحولیات نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے رپورٹ مرتب کرلی، کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے والی لینڈ فل سائٹ شہر سے دور بنائی جائیں گی۔
دوسری جانب اسموگ سے پریشان پنجاب کے شہریوں کے لیے اچھی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔
15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں بھی گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، بارش سے اسموگ میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
آج سے ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔