تیسرا ٹی 20:پاکستانی بیٹرز پھر ناکام، 117 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر

ہوبارٹ: تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ حسیب اللہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ففٹی اسکور کرنے والے عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سابق کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔

ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے  کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صفیان مقیم تھے جو ایک رن بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن کے حصے میں دو  دو وکٹیں آئیں۔

آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کو موقع دیا گیا جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے ہرایا تھا۔