بھارتی کرکٹر کا چھکا تماشائی کے منہ پر جا لگا، خاتون رو پڑیں

بھارتی کرکٹر سنجو سیمسن کے چھکے نے کراؤڈ میں بیٹھی خاتون تماشائی کو رُلا دیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر منظرِ عام پر آئی ہیں۔

تین روز قبل بھارت نے جنوبی افریقا کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 135 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کی۔ سنجو سیمسن نے اس میچ میں 56 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سنجو سیمسن کی یہ گزشتہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں تیسری سنچری تھی۔

اس کے علاوہ اس میچ میں سنجو نے ریکارڈ بھی قائم کیا، جنوبی افریقا کے خلاف 109 رنز بنانے والے سنجو سیمسن ایک کلینڈر ایئر میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔

خاتون کے چہرے پر گیند جا لگی:

بیٹنگ کے دوران سنجو سیمسن کی جانب سے افریقی بولر کو زوردار چھکا مارا گیا اور گیند کراؤڈ میں کھڑی ایک خاتون کے جبڑے پر جالگی، ویڈیو میں خاتون کو درد سے کراہتے اور روتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

سنجو کی جانب سے خاتون سے اسی وقت معافی بھی مانگنے کا اشارہ کیا گیا۔