آسٹریلیا سے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش: رضوان نے ملبہ مڈل آرڈرز پر ڈال دیا

ہوبارٹ: قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا سے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کا ملبہ مڈل آرڈرز پر ڈال دیا۔

ہوبارٹ میں تیسرے ٹی 20 میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر کی حیثیت سے پہلے آپ قربانی دینا شروع کرتے ہیں اس لیے تیسرے میچ میں بیٹھا، ہم فیوچر اسٹارز کو آزما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسیب اللہ کوپہلے میچ میں زیادہ موقع نہیں ملا تھا۔ محمد رضوان نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں چیزیں سمجھنے کا موقع ملا، امید ہے کہ چیزیں بہتر ہوجائیں گی۔

کپتان نے کہا کہ جہانداد خان، حسیب اللہ اور عثمان خان نے اچھا کھیل پیش کیا مگر ہمارے پاس مڈل آرڈر میں تجربہ کار بیٹر موجود نہیں، ہمیں بھی معلوم ہے کہ کچھ بیٹرز کو مسائل ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں چیزوں کوبہتر کرنے کے لیے ہمارے پاس ابھی وقت ہے۔

واضح رہے کہ تیسرے ٹی 20 میں محمد رضوان نے آرام کیا جبکہ ٹیم کی قیادت نائب کپتان سلمان علی آغا نے کی تھی۔