عاقب جاوید وائٹ بال فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو وائٹ بال فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔

عاقب جاوید پہلے ہی پی سی بی میں سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم اب وہ چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک وائٹ بال ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سابق جنوبی افریقی بیٹر گیری کرسٹن نے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے عارضی طور پر وائٹ بال کوچ کی ذمہ داری بھی انجام دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے فوری شیڈول میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی 24 نومبر تا 5 دسمبر اور جنوبی افریقا میں 10 سے 22 دسمبر تک وائٹ بال سیریز شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ 8 سے 14 فروری تک سہ فریقی ون ڈے سیریز کی بھی میزبانی کرے گا۔