چیمپئینز ٹرافی: ہائبرڈ ماڈل مسترد، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ہم دیگر بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں، محسن نقوی

چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کے تنازع کے درمیان ہائبرڈ ماڈل پھر مسترد کردیا۔


تفصیلات کے مطابق آئندہ سال شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہو سکا، بی سی سی آئی حکومتی اجازت نہ ملنے کو جواز قرار دیتے ہوئے ٹیم کو بھیجنے پر آمادہ نہیں ہے۔

پاکستان بھی چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پر آئی سی سی کے دباؤ کو کسی خاطر میں نہیں لارہا ہے، گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہم پْرامید ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، ہم دیگر بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام ٹیمیں پاکستان آنے کیلیے تیار ہیں،بھارت کے پاس پاکستان نہ آنے کا کوئی ٹھوس جواز نہیں ہے۔

پی سی بی کا موقف واضح ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر چیمپئنز ٹرافی ہمیں منظور نہیں ہے، ہم نے اپنا موقف آئی سی سی کے سامنے رکھ دیا، اب ان کے جواب کا انتظار ہے، بھارتی موقف سے زیادہ کونسل کو اپنی ساکھ کا سوچنا ہوگا۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم کے اَپ گریڈیشن پروجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، مجموعی طور پر 60 فیصد منصوبہ مکمل ہوگیا، فلورز کا کام آخری مرحلے میں ہے، نئی نشستوں کے اسٹرکچر کی تعمیر بھی شروع کردی گئی۔