انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کی ریجنل افسران کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے کی ہدایت، صرف آئینی احکامات مانے جائیں

انسپیکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے ریجنل پولیس افسران کو سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کردی۔

آئی جی خیبر پختونخوا کی جانب سے ریجنل پولیس افسران کو مراسلہ لکھ کر کسی بھی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اس سے قبل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا (کے پی) ندیم اسلم چوہدری نے صوبائی انتظامیہ اور پولیس کو انتباہی خط لکھا گیا تھا۔

چیف سیکرٹری کی جانب سے آئی جی، صوبائی سیکرٹریز، کمشنرز اور پولیس افسران کو لکھے خط میں کہا گیا کہ پولیس اور انتظامی افسران سیاسی قیادت کے صرف وہ احکامات مانیں، جو آئینی دائرے میں ہوں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت کے غیرقانونی احکامات پرتعاون کرنے کے نتائج ہوں گے، افسران کسی دباؤ یا لالچ میں سرکاری وسائل، اثاثوں یا اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام افسران پیشہ وارانہ ضابطہ اخلاق کی پاپندی کریں، قانون کو بغیر کسی خوف، حمایت یا تعصب کے برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، سیاسی منظر نامے سے قطع نظر غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

چیف سیکرٹری نے اپنے خط میں مزید کہا کہ ہمارا حلف آئین اور ریاست کیلئے ہے، کسی سیاسی جماعت یا لیڈر کیلئے نہیں۔ آپ کو کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی سیاسی جماعت یا فرد کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے۔