پی ٹی آئی مظاہرین سے برازیل میڈ آنسو گیس شیل ملے جو پاکستان میں موجود ہی نہیں، ڈی پی او اٹک

اسلام آباد:

ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل نے کہا ہے کہ مظاہرین سے برازیل میڈ آنسو گیس شیل ملے ہیں جو پاکستان میں موجود نہیں اور ان کی شدت پاکستانی شیل سے پانچ گنا زائد ہے، گرفتار 89 افراد کا تعلق ملک سے ہے یا غیر ملک سے جلد شناخت ہوجائے گی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل نے کہا ہے کہ ہم نے اٹک میں مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی، جھڑپوں سے کئی مظاہرین کو گرفتار کیا، اٹک میں ناکہ بندی کرنے پر مظاہرین نے ہم پر فائرنگ کی، گرفتار مظاہرین کے سامان سے آنس گیس شیل، گنز نکلیں، ایک شخص کے موبائل فون سے تصویر نکلی جس میں اس کے ہاتھ میں پولیس کی پتلون تھی، پولیس وردی کی تذلیل کی گئی، مظاہرین نے جو اسلحہ استعمال کیا اس کا فرانزک کرایا جارہا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ مظاہرین میں آٹھ فیصد افراد عسکری ونگ کے تھے، ہمارے اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، ان کے سروں پر پتھر مارے گئے، ہمارے 147 اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 25 کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس گرفتار افراد میں سے 89 افراد ایسے ہیں جن کی جلد شناخت کرلی جائے گی کہ وہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے یا کسی دوسرے ملک سے ان کے اور کون سے ہینڈلر ہیں، مظاہرین سے برازیل میڈ آنسو گیس شیل ملے ہیں جو پاکستان میں موجود نہیں ان شیل کی شدت پاکستانی شیل سے پانچ گنا زیادہ ہے، ان کے احتجاج کا یہ معاملہ ہے کہ ان کے درمیان وائرلیس پر کمیونی کیشن جاری تھی اور یہ ہمارے وائرلیس کی کمیونی کیشن بلاک کررہے تھے، انہوں نے بلٹ پروف جیکٹس پہنی ہوئی تھیں۔

اس موقع پر ڈی پی او نے میڈیا کو وہ سامان دکھایا جو مظاہرین سے برآمد ہوا تھا اس میں ہیلمٹ، جیکٹس، اسلحہ اور دیگر اشیا شامل تھیں۔