پی ٹی آئی نے اپنے غیرقانونی ہتھکنڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی، وزیراعظم

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے اپنے غیرقانونی ہتھکنڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی، دھرنوں کے سبب اسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی، 70 ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ 70 ماہ بعد مہنگائی میں کمی آئی ہے اس سے عام آدمی کا بوجھ کم ہوگا، افراط زر اب مزید کم ہوگا تاہم یہ فیصلہ اسٹیٹ بینک کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں دھرنوں نے ملک بھر میں ایک ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی بالخصوص اسلام آباد میں ایک افراتفری کا عالم تھا، توڑ پھوڑ ہوئی، رینجرز اور پولیس والے شہید ہوئے، ان لوگوں نے اپنے غیرقانونی ہتھکںڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے کے سبب ایک دن میں اسٹاک ایکس چینج کے پوائنٹس ساڑھے تین ہزار کم ہوگئے لیکن جیسے ہی دھرنے کے خلاف کارروائی ہوئی اور دھرنا ختم ہوا تو اسٹاک مارکیٹ اگلے دن دوبارہ کم بیک کرگئی پچھلا نقصان بھی پورا کیا اور مزید گین کیا، اس کا مطلب ہے کہ استحکام ہو تو معیشت بہتر ہوتی ہے۔

انہوں ںے کہ ہمیں معیشت کی گروتھ کی جانب بڑھنا ہے، مہنگائی میں کمی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، اس میں کمی پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں مہنگائی 3.5فیصد پر تھی اور اب طویل عرصے بعد مہنگائی کم ہوکر 4.9 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔

آرمی کی گرفت کے سبب افغانستان اسمگلنگ صفر ہوگئی، وزیراعظم

انہوں نے کہ افغانستان سے اسمگلنگ زیرو ہوگئی ہے جس کی وجہ سے چینی کی قیمت نیچے آگئی یہ سب سے اہم فیکٹر ہے، ماضی میں لاکھوں ٹن چینی اسمگلنگ ہوتی تھی تو یہاں قیمتیں بڑھ جاتی تھیں اور اب چینی کی وافر دستیابی کے سبب ایکسپورٹ بھی کی گئی، افغانستان اسمگلنگ کا خاتمہ رینجرز اور آئی بی کی وجہ سے نہیں بلکہ آرمی کی مکمل گرفت کی وجہ سے ختم ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے ایک وزیر کے پائلٹ سے متعلق بیان کے بعد یورپ میں پی آئی اے پر پابندی کے وجہ سے ہمارا بڑا نقصان ہوا تاہم اب اچھی خبر ہے کہ پابندی ختم ہوئی میں اس پر خواجہ سعد رفیق کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔