اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کا 2019 کا معاہدہ، رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ

اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان اگست 2019 کا معاہدہ سامنے آگیا، معاہدے میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا جبکہ رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اگست 2019 کا اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کا معاہدہ منظر عام پر آگیا، اتحاد تنظیمات نے مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کے معاہدے پر دستخط کی۔

معاہدہ اس وقت کے پی ٹی آئی کے دور حکومت کے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کیا، ‎جس میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا ہے۔

معاہدے میں وزارت تعلیم مدارس کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کی واحد مجاز اتھارٹی تسلیم کی گئی، رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا جبکہ ‎قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے میں ‎مدارس کو بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کا پابند کیا گیا، ‎غیر ملکی طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی، ‎یکساں نصاب کے اہداف بھی طے کیے گئے۔

معاہدہ تعلیمی اصلاحات کے لیے کیا گیا، ‎حکومت نے مالی امداد اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی، ‎معاہدے کو سنگ میل کا درجہ دیا گیا۔