عدالتی احکامات پر سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد

عدالتی حکم پر سندھ بھر میں آج ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد کیا گیا ہے، جس میں صوبے بھر سے 38 ہزارسے زاہد امیدوار شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں آج میڈیکل اور ڈینٹل کالجز و جامعات کے داخلہ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد ہورہا ہے، عدالتی احکامات کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد آئی بی اے سکھر کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ایم ڈی کیٹ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت جاری ہے، امیدواروں کو 8:30 پر امتحانی مراکز پہنچانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

آئی بی اے سکھرانتظامیہ کے مطابق پرچہ 200 کثیر انتخابی سوالات پر مشتمل ہیں، امتحان کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہوگا۔

کراچی میں جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی، امیدواروں کو کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل ڈیوائس اور موبائل فونز لانے پر پابندی عائد ہے، ایڈمٹ کارڈ ،شناختی کارڈ یا ڈومیسائل،تصویر والی مارک شیٹ لانا لازمی ہے۔

گزشتہ شب وی سی، آئی بی اے سکھر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش میڈیکل ٹیسٹ کا پرچہ جعلی ہے۔

وی سی ڈاکٹر آصف شیخ نے کہا کہ طلبا کو یقین دلاتا ہوں ہمارا پرچہ لیک نہیں ہوگا، صاف شفاف طریقے سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔

کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اورجامعہ کراچی میں 2 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی میں وزیٹرز گیٹ سے طالبات کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی میں طلبہ کو مین گیٹ سے داخلے کی اجازت ہوگی۔

ایم ڈی کیٹ 2024 میں سندھ بھر سے تقریباً 38 ہزار 609 امیدوار شرکت کررہے ہیں۔

والدین کے کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کے قریب ہال میں جگہ مختص ہے، جامعہ کراچی میں مسکن گراؤنڈ میں امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد پر ٹریفک مسائل جوں کے توں ہیں، یونیورسٹی روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہے، سفاری پارک سے کراچی یونیورسٹی تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، طلبہ و طلبات گاڑیوں سے پیدل اتر کر سینٹر جانے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ میں ایک لاکھ 60 ہزار امیدواروں نے شرکت کی، تاہم 50 سے زائد طلبہ پر نقل کرنے کے الزامات میں مقدمات درج کیے گئے اور اس دوران 2 طلبہ کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بعد ازاں، 15 امیدواروں نے مشترکہ طور پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 22 ستمبر کو صوبے میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا تھا جس میں مبینہ طور پر امتحان سے ایک دن پہلے متعدد پرچے منظر عام پر آئے تھے جس سے امتحانی عمل کی شفافیت پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔

4 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران 4 ہفتوں میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں، 6 نومبر کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم ڈی کیٹ سمیت تمام ٹیسٹ میں شفافیت لانے کا حکم دیا اور 6 ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ لینے کی ہدایت کی تھی۔