مری: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مری انتظامیہ کو بارش اور برفباری میں الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ الرٹ رہے۔ اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہیوی مشینری کے استعمال سے برف کو ساتھ ساتھ ہٹایا جائے۔ اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔ سیاحوں کو موسم کی مناسبت سے سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 بحالی مراکز قائم ہیں۔ اور سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفر پر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ مری ملکہ کوہسار ہے اور کوشش ہے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ تمام ادارے عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں۔ جبکہ شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ مری میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اور آئندہ 24 گھنٹے تک مزید بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مری نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 مری کے اہلکار سرمائی سیزن پر بنائے گئے ایمرجنسی پلان پر عمل کر رہے ہیں۔ اور الرٹ جاری کرنے کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پانا ہے۔