مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کرینگے، عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمرایوب نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم سول نافرمانی کی تحریک شروع کرینگے، پنجاب پولیس پختونوں پر فائرنگ کرکے انھیں پاکستان سے بد زن کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو سی پیک روٹ پر ہمارے بے گناہ کارکنوں کو شہید کیا گیا، یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا، مذاکرات کے لئے بانی چیئرمین نے نام لکھوائے ہیں ، آخری فیصلہ بھی وہی کرینگے ۔

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کئے گئے جس سے معیشت تباہ ہو رہی ہے، ملک میں جو ظلم وستم ہو رہا اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان سے آج تک جتنی بھی قانونی سازی ہوئی وہ عوام کے لئے نہیں، بلکہ خواص کے لئے ہوئی ہے، بانی چیئرمین نے مذاکرات کے لئے کمیٹی بنا کر حکومت اور دیگر کو موقع دیا ہے ۔

شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدم استحکام، بے روزگاری اور جمہورت کی بقا کے لئے جیل میں ہیں ، 24 سے 26 نومبر کے دوران ملک میں جو کچھ بھی ہوا ، اس کا نوجوانوں کے ذہنوں پر برا اثر پڑا ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پٹھانوں کے ساتھ ناروا سلوک کا حساب لیا جائے گا، ملک کا قانون و آئین پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے یا نہیں ؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کوئی بھی ثابت کردے، ویڈیو دیکھا دے ہمارے کسی کارکن نے گولی چلائی ہو؟ آپ ہمارے بنیادی حقوق سلب کرنا چاہتے ہیں تو بسمہ اللہ کریں ، ہم تو ویسے ہی باغی ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ تم جو ہم پر گولی چلاتے ہو وہ بھی ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئی، ہم آئین و قانون کو مانتے ہیں آپ بھی مانیں ، ہمارا افغانستان کے ساتھ کاروبار تھا ، آپ نے اسے ختم کردیا ۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمارا سوال آج بھی یہی ہے، تم نے نہتے کارکنوں اور بے گناہ عوام پرگولی کیوں چلائی ؟ میرا سوال ہے کہ کیا آپ شہادتیں چھپا سکتے ہو؟

انہوں نے کہا کہ پنجاب ، بلوچستان میں شہداء کے اہل خانہ کو تنگ کیا جارہا ہے، پولیس شہداء کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے، ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

شیخ وقاص نے مزید کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی سانسیں پھولی ہوئی ہیں، وفاقی وزراء کے چہروں کے رنگ اڑے ہوئے ہیں، پٹھانوں کے خلاف کارروائیاں وفاقی وزیر داخلہ کی ایماء پر ہورہی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شہداء کے ورثا کی ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی، جس کے لئے ہم عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔

شیخ وقاص کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کے ورثا کا پوسٹ مارٹم نہیں ہونے دیا گیا ، تاکہ کیس کمزور کیا جاسکے، ہم شہداء کے ورثا سے بات کرکے قبر کشائی کی درخواست کرینگے۔