اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماکونسل طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم سے وزارت صنعت کے تحت منتقل کرنےکی کوشش مستردکرتے ہیں۔
ملک میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ویڈیو بیان میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پربحث جاری ہے، 15 بورڈز میں سے 10 سےزائد وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کےحق میں ہیں جب کہ ملک میں 18 ہزار سے زائد مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم سے وزارت صنعت کے تحت منتقل کرنےکی کوشش مسترد کرتے ہیں، مدارس کی رجسٹریشن وزارت صنعت کے تحت کرنا ملکی قانون اور وحدت کے خلاف ہے، مدارس کی آزادی اور نصاب کے معاملے پرکسی قسم کی مداخلت قبول نہیں۔
علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان الگ قانون سازی کراناچاہتے ہیں تو حکومت جانے اور وہ جانیں، ہم تلخیاں نہیں چاہتے، معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل پر صدر پاکستان کی جانب سے دستخط نہ کیے جانے پر جے یو آئی اور حکومت کے درمیان اختلاف ہوا تھا اور مولانا فضل الرحمان اس معاملے پر لانگ مارچ کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔