پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ انتقام کا نعرہ لگانے والے کے خلاف سب سے پہلے میں کھڑا ہوں گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کل خواجہ صاحب نے کہا مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کو پہل کرنا پڑے گی لیکن اس کے لیے پہلے حکومت کو انا کے خول سے باہر آنا ہوگا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میڈیا مذاکرات کی بات کرتا ہے اور یہاں کہتے ہیں مذاکرات نہیں ہو رہے، قوم کے سامنے جھوٹ بولا جاتا ہے۔ سیاستدانوں میں ٹی او آرز طے ہی نہیں کیے جاتے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہوئی ہے، کیا ممکن نہیں کہ ٹی او آرز اور مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی بنائیں، ٹی او آرز بنانے کے بعد اسٹیبلشمنٹ سے بھی بات ہوسکتی ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ کیا رانا ثناء اللہ یا خواجہ آصف مذاکرات کے حوالے سے حکومت کے باضابطہ موقف سے ہمیں آگاہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شکوہ کرتا ہوں لوگ مرے لیکن وزیر اطلاعات نے غلط بیانی کی۔
پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کہتے ہیں اسپیکر اور پی ٹی آئی کی لیڈرشپ مذاکراتی عمل کے حوالے سے رابطوں میں ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ہو یا حکومت سے انتقام کا نعرہ لگانے والے کے خلاف سب سے پہلے میں کھڑا ہوں گا، اب انتقام کی سیاست سے نکلنا ہوگا۔ ضرورت پڑی تو بانی بھی یہ بیان دینے میں دیر نہیں کریں گے۔