ِٔڑ درج کرنے کا طریقہ آسان، وفاقی کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل منظور کرلیا

وفاقی کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دیدی۔ ترمیمی بل کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا نظام آسان بنا دیا گیا۔ 

ملزم سے تفتیش کے لئے پولیس افسر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات اور فارنزک طریقہء کار کا استعمال کر سکے گا۔ گواہان کے آڈیو -وڈیو بیانات ریکارڈ کروائے جا سکیں گے۔ 

خواتین، بارہ سال سے کم اور 70سال سے زائد مرد ، جسمانی اور ذہنی معذوری کا شکار افراد اپنی سہولت کی جگہ پر بیان ریکارڈ کروا سکیں گے۔ ٹرائل کورٹ مقدمے کی سماعت کے 15دنوں میں کرے گا۔ 

اپیلیٹ کورٹ کسی بھی اپیل پر 6 ماہ سے ایک سال کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہو گی۔ 

پولیس تفتیش میں بے گناہی اور ڈسچارج رپورٹ کی تیاری کی صورت میں ملزم ضمانت کا حقدار ہو گا۔ 

کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظوری بھی دے دی- 

وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبیونل، کوئٹہ کے قیام کی منظوری ۔ ضلع اپر کوہستان، ضلع لوئر کوہستان اور ضلع کولائی پالس کوہستان کی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی منتقلی کی منظوری۔ 

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ 

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مرکزی بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو تقویت ملے گی۔ 

ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے۔ معیشت کی ترقی سے متعلق جامع پروگرام کا جلد آغاز کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے رکاوٹیں پیدا کرنا افسوسناک ہے۔ 

انہوں نے انسداد پولیو کیلئے کام کرنے والی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں شہید پولیو اہلکار کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں یونان میں کشتی کے حادثہ میں ڈوبنے والے پاکستانیوں کیلئے بھی مغفرت کی دعا کی گئی۔ 

وزیراعظم نے مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر تارکین وطن کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جارہا ہے- 

یہ دن تارکین وطن کی بے مثال شراکت کی صحیح معنوں میں پہچان، ان کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انکی فلاح و بہبود کے حوالے سے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن صدیق الفاروق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے دیرینہ ساتھی تھے۔ 

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں صدیق الفاروق مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ 

وزیراعظم نے ضلع کرک میں انسداد پولیو کیلئے کام کرنے والی ٹیم پر حملے کو افسوسناک قرار دیا جس میں ایک پولیو اہلکار شہید اور ایک پولیو ورکر زخمی ہوا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سوا دنیا سے پولیو وائرس ختم ہو چکا ہے۔ 

وزیراعظم نے اس حادثہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2023ء میں بھی ایسا ہی ایک بدقسمت حادثہ ہوا تھا جس میں 260 افراد ڈوب گئے تھے جن میں اکثر پاکستانی تھے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔ حکومت نے انسانی سمگلنگ کیلئے روک تھام کیلئے اہم اور ہمہ گیر فیصلے کئے تھے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز کا اجلاس بلائیں گے تاکہ اس حوالہ سے کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے۔

 وزیراعظم نے سٹیٹ بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں مزید 2 فیصد کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوتے ہوئے 13فیصد پر آ گیا ہے جو کاروبار، صنعت و حرفت، زراعت، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ہے، اس سے ہماری پیداواری صلاحیت بڑھے گی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور ہماری معیشت مستحکم ہو گی۔ 

وزیراعظم نے 2018ء کے بعد مہنگائی کی کم ترین سطح پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے لئے یہ مناسب وقت ہے کہ معیشت کو مضبوط کریں، معیشت مستحکم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندرون و بیرون ملک سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔