وزیراعظم شہباز شریف D-8 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 18 سے 19دسمبر تک قاہرہ میں منعقد ہونے والے ترقی پذیر آٹھ ممالک کے 11ویں سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لیے مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچ گئے۔
عرب جمہوریہ مصر کے وزیر برائے پبلک بزنس سیکٹر محمد شیمیی اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
11ویں ڈی ایٹ (D-8 ) سمٹ کا موضوع "نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور اسمال میڈیم اینٹر پرائز کو فروغ دینا : کل کی معیشت کی تشکیل " ہے۔
سربراہی اجلاس میں وزیراعظم ایک مضبوط اور جامع معیشت کی تشکیل کے لیے نوجوانوں اور اسمال اینڈ میڈیم اینٹر پرائز( SMEs ) میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر گفتگو کریں گے۔
وزیر اعظم مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و خوض کے حوالے سے غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر D-8 کے خصوصی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی شرکت کرنے والے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ شامل ہیں۔
1997 میں استنبول میں قائم کیا گیا D-8 آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن، جسے ڈیولپنگ-8 بھی کہا جاتا ہے، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی کے درمیان ترقیاتی تعاون کی ایک تنظیم ہے۔
اس تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور زراعت، تجارت، نقل و حمل، صنعت، توانائی اور سیاحت میں بہتری لانے اور تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معیار زندگی کو بہتر کیا جائے۔