چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے : آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )  نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تعطل کا حل نکالتے ہوئے  پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی بورڈ نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دے دی ہے جو چیمپئنز ٹرافی ، ویمن ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر نافذ ہوگا۔

معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے ان ایونٹس، جن کی میزبانی بھارت کرے گا وہ بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جلڈ جاری کردیا جائے گا۔

آئی سی سی  کے مطابق پاکستاں 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔

2028 ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا اور ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستاں بھارت کا فیوژن فارمولا اپلائی ہوگا جبکہ پاک بھارت فیوژن فارمولا ناک آؤٹ میچز پر بھی اپلائی ہوگا۔

 اس کے علاوہ 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی اور نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔

واضح رہے کہ ویمن ورلڈ کپ 2025 اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت کے پاس ہے جبکہ  پاکستاں اور بھارت کے درمیان معاہدے کو آئی سی سی بورڈ سے باضابطہ منظوری دلائی جائے گی۔

تین قومی سیریز کا امکان

آئی سی سی نے ایک سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تجویز پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جس میں پاکستان، بھارت اور کسی اور ایشیائی فل ممبر یا ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ 

اس سیریز کا انعقاد بھی نیوٹرل وینیو پر ہوگا، یہ تجویز پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے میچز کی میزبانی نہ ملنے کے ازالے کے طور پر پیش کی گئی ہے۔