ملک بھر میں کڑکڑاتی سردی کے ڈیرے ہیں اور شہری ٹھنڈ سے ٹھٹھر رہے ہیں۔ بالائی علاقوں میں برف کی سفید چادر ہے اور ناران، کاغان، شوگران، مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں برفباری سے ہر منظر دلکش ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں آبشاریں اور ندیاں جم گئیں۔ کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے درجہ حرارت بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور میں صبح سویرے بارش سے بھیگے دسمبر کا آغاز ہوگیا۔
بالائی علاقوں میں ایک بار پھر ہونے والی برف باری نے ناران ، کاغان اور شوگران کے پہاڑوں کو سفید چادر اوڑھا دی۔ میدانی علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں میں برف کا نظارہ کرنے پہنچ گئی ہے۔
سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں بھی برفباری سے ہر منظر دلکش ہوگیا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ سکردو، کھرمنگ، شگر اور گانچھے میں آبشاریں، جھرنے اور ندی نالے جم گئے ہیں۔
غذر کی تحصیل گوپس میں بھی شدید ٹھنڈ ہے، جھیلیں برفیلے میدان کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ ندی نالے جمنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 13، اسکردو میں منفی 11، گوپس میں منفی نو، گلگت اور دیر میں منفی آٹھ، استور میں منفی سات، قلات اور بگروٹ میں منفی چھ، کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں بھی صبح سویرے بارش نے بھیگے دسمبر کا آغاز کردیا۔
کراچی میں بھی گزشتہ دو روز کے دوران پارہ سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہےٓ، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔